بھارتی سینئر سفارتکار کی طلبی‘ کنٹرول لائن فائرنگ‘ شہری زخمی ہونے پر احتجاج
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سینئر بھارتی سفارتکار کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کرکے قابض بھارتی فوج کی جانب سے 30 دسمبر 2020 کو لائن آف کنٹرول (ایل۔او۔سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اس کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری کے زخمی ہونے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کوٹ کوٹیڑہ سیکٹر میں چونتیس سالہ محمد سرفراز ولد مشری خان پھلانی بازار میں شدید زخمی ہوگئے۔ سال 2020ء میں بھارت نے 3097مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 28 بے گناہ شہری شہید اور 257شدید زخمی ہوئے۔ قابض بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا گیا کہ بے حسی پر مبنی یہ کارروائیاں 2003 کے جنگ بندی معاہدے، انسانی عظمت ووقار، بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین اور پیشہ ورانہ فوجی طرز عمل کے منافی اور اس کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ زور دیا گیا کہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کے ذریعے بھارت غیرقانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔