ملکہ برطانیہ کی جانب سے 1123 افراد کیلئے اعزازات کا اعلان‘ 24 پاکستانی شامل
لندن (آن لائن) ملکہ برطانیہ نے ملک وقوم کیلئے بے لوث خدمات سرانجام دینے والے ایک ہزار 123 افراد کیلئے اعزازات کا اعلان کر دیا۔ نامزد افراد میں پاکستانی نژاد برطانوی بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 803افراد کو کمیونٹی سروسز کیلئے چنا گیا۔ اعزاز پانے والوں میں 49 فیصد خواتین شامل ہیں۔ برطانیہ کیلئے بے لوث خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات ملیں گے۔ حتمی فہرست میں 24 سے زائد پاکستانی بھی شامل ہیں۔ سی بی ای کا اعزاز پانے والوں میں قانون دان فیاض افضل اور امپریل کالج لندن کے نیورولوجسٹ پروفیسر رعد شاکر شامل ہیں۔ اولڈہم کے انور علی، پینڈل کے اظہر علی، لوٹن کی فوزیہ تنویر اور شعبہ طب کی نامور شخصیت پروفیسر فرح ناز بھٹی بھی شامل ہیں۔ لندن کے حمزہ علی کو تعلیمی خدمات، حلیمہ کاسل کو فنون لطیفہ، ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر عامر حنان کو وبا میں طبی سہولیات، گلاسگو کے عبدالمجید کو امداد باہمی اور حلیمہ یوسف کو خصوصی بچوں اور نوجوانوں کو خدمات مہیا کرنے پر اعزازات کا حقدار قرار دیا گیا۔ او بی ای میڈلسٹس کیٹگری میں سمیرا احمد کو وبا میں جانوروں کی صحت بارے خدمات، ڈاکٹر عظیم عالم کو طبی سہولیات، سلمیٰ بی کو کرکٹ کے میدان میں اعلی کارکردگی، ضیاء الاسلام کو کمیونٹی سروسز اور ندیم صادق خان کو کرونا وبا میں ہاؤسنگ کی خدمات پر اعزازسے نوازا گیا۔ یہ اعزازات سارا سال وقفے وقفے سے ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے افراد کے ہاتھوں سے دیے جاتے ہیں۔