بوکھلایا بھارت، پاکستان زندہ باد کے نعروں کی تردید کے باوجود سیاسی کارکنوں کیخلاف بغاوت کا مقدمہ
کرناٹک( آن لائن )بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے ضلع دکشنا پورم میں پولیس نے مبینہ طور پر پاکستان کی حمایت میں لگنے والے بعض نعروں کے لیے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(ایس ڈی پی آئی) کے بعض ارکان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ لیکن ایس ڈی پی آئی نے ایسے نعرے لگانے کی تردید کی ہے۔یہ واقعہ بیلتھنگڈی کے پاس اوجیرے گاں کا ہے، جہاں مذکورہ جماعت نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔اس سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ایس ڈی پی آئی کے کارکنان خوشی کا جشن منا رہے ہیں اور اسی ویڈیو میں ":پاکستان زندہ باد، پاکستان زندہ باد" کے نعرے بھی سنے جا سکتے ہیں۔ابھی اس ویڈیو کی اس حوالے سے تصدیق نہیں ہو پائی ہے کہ آیا یہ نعرے حقیقت میں لگے تھے یا پھر اس ویڈیو کی ایڈیٹنگ کی گئی اور بعد میں ان متنازعہ نعروں کو شامل کیا گیا۔اڈپی چیکامگالور سے بی جے پی کی رکن پارلیمان شوبھا کرناڑلاجے نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، یہ نا تو پشاور ہے اور ن ہی کراچی! ایس ڈی پی آئی امیدوار کی کامیابی کے جشن کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ایک بار پھر ایس ڈی پی آئی نے اپنی وفاداری اور نیت کا ثبوت دیدیا ہے۔ وزیر اعلی بی ایس وائی یدیورپا جی، ابھی نہیں تو کبھی نہیں، اس ملک دشمن تنظیم پر پابندی لگا دیجیئے۔لیکن سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ ان کی جماعت کے کسی رکن نے وہاں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ہوں۔