• news

کھودا پہاڑ نکلا چوہا: شیخ رشید، اپوزیشن کا بیانیہ دفن، چہرے بتارہے ہیں اجلاس بے نیتجہ: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی  ایم کے اعلانات پر ردعمل میں کہا ہے کہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ یہ مایوس اور ناکام ہو چکے ہیں۔ چیلنج کرتا ہوں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سینٹ کے الیکشن لڑے گی۔ یہ لانگ مارچ کریں گے تو سوچیں گے ان کے ساتھ کیا کرنا ہے۔ یہ فروری کے آخر میں لانگ مارچ کی تاریخ کا فیصلہ کریں گے۔ جہاں جی چاہتا ہے  وہاں آ جائیں  دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ یہ بے وقوف لوگ ہیں۔ ان کے چہرے دیکھ لیں رنگ اڑے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے چہروں سے لگ رہا تھا کہ کوئی نتائج نہیں نکلے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی پی کے پاس سے کوئی جواب نہیں آیا۔ پی پی کے پاس حکومت ہے وہ استعفے نہیں دینا چاہتے۔ اپوزیشن کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نیب کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔ آپ احتساب کے اداروں کا گھیراؤ کریں گے یہ اداروں کو دھمکانے کی کوشش ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے بھی مریم نواز کی پیشی پر حملہ کیا تھا۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے  نجی ٹی وی  سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اسلام آباد آئی تو خوش آمدید کہیں گے۔ یہ حسرت بھی پوری ہو جائے۔ مسلم لیگ (ن) میں استعفوں پر اتفاق نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی نے استعفے دینے کے معاملے میں ڈھکے چھپے الفاظ میں کہہ دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن