• news

عمر شیخ 4 ماہ بعد ہی تبدیل، غلام محمود ڈوگر سی سی پی او لاہور تعینات

لاہور (نامہ نگار) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور محمد عمر شیخ کو 4 ماہ بعد ہی تبدیل کرکے غلام محمود ڈوگر کو نیا سی سی پی او لاہور تعینات کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور محمد عمر شیخ کو تبادلہ کر کے ڈی آئی جی/ڈپٹی کمانڈنٹ، پنجاب کانسٹیبلری فاروق آباد لگا دیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کردیا گیا ہے۔ نئے سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی غلام محمود ڈوگر نے 1993 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی اور ان کا تعلق اکیسویں کامن سے ہے۔ غلام محمود ڈوگر 1963میں پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بی ایس سی سول انجینئرنگ اور ایم ایس سی کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔ کیرئیر کے آغاز میں غلام محمود ڈوگر نے بطور اے ایس پی نواب شاہ سندھ، اے ایس پی پنوں عاقل اور اے ایس پی خیرپورکے عہدوں پر فرائض سر انجام دئیے جس کے بعد وہ ڈیڑھ برس کیلئے یو این مشن پر بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ وطن واپسی پر انہوں نے اے ایس پی ہیڈکوارٹرز کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ بطور ایس پی پروموشن کے بعد غلام محمود ڈوگر نے ایس پی گلشن اقبال کراچی، ایس پی سنٹرل ڈسٹرکٹ کراچی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز گارڈن کراچی، ایس ایس پی سکیورٹی کراچی، ڈی پی او نصیر آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ کے عہدوں پر فرائض ادا کئے۔ غلام محمود ڈوگر لاہور میں ایڈیشنل ایس پی صدر، ایس پی لیگل /ڈی اینڈ آئی لاہور،  سی ٹی او لاہور کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔ ایس ایس پی رینک پر پروموشن کے بعد غلام محمود ڈوگر نے سی ٹی او لاہور، ایس ایس پی انیلیسس سی آئی ڈی پنجاب، اے آئی جی ٹریننگ سی پی او، پنجاب، کے عہدوں پر فرائض اداکئے جس کے بعد انہیں سی پی او گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ غلام محمود ڈوگر نے ایک برس کے قریب ڈی آئی جی آپریشنز لاہورکے عہدے پر بھی فرائض اداکئے۔ ڈی آئی جی رینک پر پروموشن کے بعد غلام محمو د ڈوگر نے سی پی او ملتان، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی، سی پی او پنجاب اور آر پی او ساہیوال کے عہدوں پر فرائض اداکئے جبکہ ایس پی آر آئی بی ساہیوال کا اضافی چارج بھی ان کے پاس رہا۔ غلام محمود ڈوگر نے ڈی آئی جی پی ایچ پی، پنجاب، آر پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی آئی ٹی، سی پی او، پنجاب کے عہدوں پر فرائض اداکئے جبکہ ان دنوں وہ ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ، سی پی او پنجاب لاہورکے عہدے پر فرائض ادا کر رہے تھے۔ غلام محمود ڈوگر نے پیشہ ورانہ کیرئیر کے دوران تفویض ہونے والی ہر ذمہ داری کو بھرپور لگن، محنت اور فرض شناسی سے ادا کرکے اپنی مہارت کا عملی ثبوت پیش کیا ہے اور انکا شمار پنجاب پولیس کے نہایت پروفیشنل، منجھے ہوئے اور تجربہ کار بہترین افسروں میں ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن