جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال، آزادی کے حق میں مظاہرے
سرینگر (اے پی پی + این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طر ف سے جعلی مقابلوںمیں بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کیلئے جمعہ کو مکمل ہڑتال کی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی جبکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور پیپلز لیگ سمیت دیگر حریت حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔سرینگر، اسلا م آباد ، شوپیاں، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی ۔ مقبوضہ علاقے میں نمازجمعہ کے بعد بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں مظاہرے بھی کیے گئے۔بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں ایک جعلی مقابلے کے دوران شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ نے اپنے پیاروں کے بے گناہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے قابض انتظامیہ سے اپنے بچوں کی میتیں ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے بدھ کے روز سرینگر تین کشمیری نوجوانوںزبیر احمد ، اعجاز مقبول گنائی اور اطہر مشتاق کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ دسمبر میں 14بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاجن میں ایک کم عمر کشمیری لڑکا بھی شامل ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ان میں سے پانچ نوجوانوںکو بھارتی فوجیوں نے جعلی مقابلوںیاحراست کے دوران شہید کیا ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ان شہادتوں کی وجہ سے دو بچے یتیم ہوگئے۔مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پر پیلٹ گن ، فائرنگ اورآنسوگیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے48 کشمیری شدیدزخمی ہوئے جبکہ اس عرصے کے دوران198شہریوںکو گرفتار کیاگیاجن میں بیشتر نوجوان اور سیاسی کارکن شامل تھے ۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ گھروں میں زبردستی گھس کر دو خواتین کی بے حرمتی کی جبکہ تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران نوگھروں کو نقصان پہنچایا ۔ رپورٹ میں واضح کیاگیا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموںوکشمیر کے فوجی محاصرے کے بعد سے اب تک بھارتی فوجیوں نے سات خواتین سمیت 305کشمیریوںکو شہید کیا ہے۔ بیشتر افراد کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران جعلی مقابلوں اور دوران حراست ماورائے عدالت قتل کیاگیا ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیری نوجوانوںکو گھروں سے اغوا کرنے کے بعد انہیں مجاہدیا مجاہد تنظیموں کا کارکن قراردیکر جعلی مقابلوں میں شہید کردیاجاتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 17ماہ کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی شہادتوں کے نتیجے میں 16خواتین بیوہ اور 38بچے یتیم ہوئے ۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر میں ایک جیولر کو گولیاں ما کر ہلاک کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر کے علاقے سرائے بالا میں ستہ پال نسچل نامی جیولر کو اسکے دکان میں گھس کر گولیاں مار دیں جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔زخمی جیولر کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیدیا۔ بھارتی فورسز نے واقعے کے فوراً بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ دریں اثنا ضلع اسلام آباد کے علاقے سنگم بجبہاڑہ پل کے قریب نامعلوم افراد نے بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے ایک بنکر پر گرینیڈ داغاجس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہردیال یادو شدید طور پر زخمی ہوا۔بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات عبدالرشید لون کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے عبدالرشید لون کو سرینگر میں گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔