دوسرا ٹیسٹ کل سے قومی کرکٹرز کی پریکٹس ، بابراعظم کی شمولیت کا فیصلہ آج
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں مقابلے کیلئے قومی سکواڈ تیاریوں میں مصروف ہے۔ آخری ٹیسٹ میچ کل سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائیگا۔قومی ٹیم نے ہیگلے اوول میں 3 گھنٹے کا ٹریننگ سیشن کیا جس میں کھلاڑیوں نے نیٹ پر بائولنگ اور بیٹنگ کی بھرپور مشقیں کیں‘ فزیکل فٹنس اور فیلڈنگ ڈرلز پر فوکس کیا۔ٹریننگ سیشن کی خاص بات یہ تھی کہ بابر اعظم نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹ پر بیٹنگ پریکٹس کی۔بابراعظم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں ان کی فٹنس کا جائزہ آج کے ٹریننگ سیشن میں بھی لیا جائے گا اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں شمولیت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا۔پاکستانی ٹیم سال نو کے موقع پر قوم کو کامیابی کا پہلا تحفہ دینے اور دو میچوں کی سیریز برابر کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے میچ کھیلنے کے امکانات ففٹی ففٹی ہیں۔ کیوی ٹیم میں انجری کا شکار فاسٹ بائولر نیل ویگنر کی جگہ میٹ ہنری کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔