اسلام آباد ہائیکورٹ کی برہمی ‘ انتظامیہ نے جبری مشقت کیلئے لاپتہ بچے بازیاب کرا لیے
اسلام آباد(این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ کی برہمی پر انتظامیہ نے اینٹوں کے بھٹوں سے جبری مشقت کی وجہ سے لاپتا تمام بچوں کو بازیاب کرالیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے بچوں کی عدم بازیابی پر انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ایس ایچ او نے عدالت کو بتایا کہ اینٹوں کے بھٹے پر چھاپا مارا مگر بچے وہاں نہیں تھے جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ آپ کہہ رہے ہیں بچے غائب ہیں اور آپ نے ایف آئی آر تک نہیں کاٹی؟اسلام آباد ہائیکورٹ نے 48 گھنٹوں میں لاپتا بچے بازیاب کرانیکا حکم دیا تھا۔عدالت کی برہمی اور مہلت پر انتظامیہ نے کارروائی کی جس میں تمام بچوں کو بازیاب کرالیا گیا۔پولیس کے مطابق جبری مشقت والے بچوں کو تھانا نون کے علاقے سے بازیاب کرایا گیا ہے ، تمام بچے بھٹہ مالک کی گرفتاری کے بعد بازیاب ہوئے۔