• news

کرونا کیخلاف بھرپور امدادی اقدام‘ کشف فاؤنڈیشن نے اقوام متحدہ ویمن ایشیا پیسفک ایورڈ جیت لیا 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) کشف فاؤنڈیشن نے کرونا کے خلاف بھرپور امدادی اقدام پر اقوام متحدہ ویمن ایشیا پیسفک کا اہم ایوارڈ جیت لیا۔ ایوارڈز دنیا بھر میں کاروباری اداروں کی جانب سے صنفی مساوات کی کاوشوں کے اعتراف میں چھ کٹیگریز میں دیئے گئے ہیں۔ کشف فاؤنڈیشن نے اقوام متحدہ ویمن کے زیراہتمام اور یورپین یونین کے مالی تعاون سے منعقدہ ایشیا  پیسفک ویمنز ایمپاورمنٹ پرنسپلز (WEPs) کے پہلے ایڈیشن کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والی پہلی پاکستانی تنظیم کے طور پر نمایاں اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ اس میں 17 ممالک سے 400 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں کشف فاؤنڈیشن واحد پاکستانی تنظیم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی جس نے کرونا سے کاروبار متاثر نہ کرنے کے اپنے اقدام پر کرونا کے خلاف بھرپور انداز سے عمل کی کیٹگری کا ایوارڈ جیتا۔ کشف فاؤنڈیشن نے اصولی طریقہ کار کے طور پر ملک میں چھوٹا کاروبار کرنے والی خواتین کی فوری، درمیانی اور طویل المیعاد ضروریات کی دیکھ بھال کو بنیادی اہمیت دی۔ اس کے علاوہ اپنی 5 لاکھ سے زائد خواتین کلائنٹس کو اس عالمی وباء  سے متعلق آگہی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس کی روک تھام سے متعلق حکمت عملی بھی ترتیب دی۔ اس اقدام اور اہم کامیابی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کشف فاؤنڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر روشانہ ظفر نے کہا، اس عالمی وبا کے آغاز کے بعد ہمارے ادارے کے لئے یہ انتہائی ضروری ہوگیا کہ پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص خواتین پر مرتب ہونے والے معاشی و سماجی اثرات پر موثر اور ٹھوس انداز سے امدادی کام کی ذمہ داری اٹھائی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن