سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کیخلاف محاذ آرائی کا حصہ نہیں بننا چاہئے: مولانا شیرانی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ناراض رہنما مولانا محمد خان شیرانی کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان خود سے فیصلے کرتے ہیں، سیاسی جماعتوں کوآپس کی محاذ آرائی سے بچنا چاہیے۔ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف محاذ آرائی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ جامعہ مدنیہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا راستہ ان کی نظر میں ٹھیک ہوگا ان کی مرضی ہے جہاں مرضی مارچ کریں ان کا ہر ایک کا اپنا اپنا ہدف ہے ہمارا مؤقف ہے کہ جو دستور میں نام ہے اس کی رجسٹریشن ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن دستور کو کیوں نہیں دیکھتا، ممبران کی رکنیت ہماری جماعت کے نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن میں جمع لیٹر پیڈ پرجمعیت علمائے اسلام پاکستان لکھا ہے۔