یکم فروری کو پی ڈی ایم اجلاس میں دھرنے کی جگہ، تاریخ طے ہو گی: رانا ثناء اللہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے استعفوں سے متعلق فیصلہ حالات کے مطابق کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یکم فروری کوپی ڈی ایم اجلاس میں دھرنے کے پڑاؤ کی جگہ اور تاریخ طے ہو گی، فیصلہ کن لانگ مارچ ہوگا تو پڑاؤ کے مقام کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ استعفوں پر پیپلز پارٹی نے حالات کے مطابق مؤقف دیا، وقت آیا تو اسمبلیاں معطل کرکے استعفے دیئے جائیں گے اور فیصلہ کن لانگ مارچ کے بعد استعفوں کا فیصلہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیش نظر عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ فیصلہ کن لانگ مارچ کے بعد استعفوں کا فیصلہ کریں گے۔ پی پی نے دلیل کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کیا۔ حکومت اپوزیشن سے ٹکرانے کے سوا کچھ نہیں کر رہی۔ پی ڈی ایم نے استعفوں میں مہلت کا فیصلہ کیا‘ تحریک کو آگے بڑھانے پر کام کریں گے۔ وقت آیا تو تمام جماعتیں استعفے دیں گی‘ حکومت عدلیہ کو آزادانہ کام کرنے نہیں دے رہی‘ عدالتوں کو انصاف دینے سے روکا جا رہا ہے۔