• news

منشیات برآمدگی کیس ،رانا ثنا اللہ کی گواہوں کے بیانات کی فہرست کے لئے درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور(صباح نیوز)لاہور کی انسدادِ منشیات کی عدالت نے منشیات برآمدگی کے کیس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی گواہوں کے بیانات کی فہرست لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ہفتہ کو لاہور کی انسداد منشیات کی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جج نے استفسار کیا کہ رانا ثنا اللہ کہاں ہیں؟ ۔رانا ثنا اللہ کے وکیل فرہاد علی نے عدالت کو بتایا کہ دھند کے باعث موٹر وے بند ہے، رانا ثنا اللہ کچھ دیر میں عدالت پہنچ جائیں گے۔ فاضل جج نے اجازت دی کہ آپ دلائل شروع کریں۔پراسیکیوشن نے رانا ثنا اللہ کی متفرق درخواست پر دلائل دیئے۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف قلم بند بیان کی کاپیاں فراہم نہیں کر سکتے، بیانات قانون کے مطابق قلم بند کئے گئے، چالان عدالت میں آ چکا ہے، ملزمان کے وکلا چالان پر دھیان دیں۔ رانا ثنا اللہ کے وکیل فرہاد علی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا کیس عام کیسز کی طرح نہیں، رانا ثنا اللہ کے خلاف بیانات کی کاپیاں حاصل کرنا ہمارا قانونی حق ہے۔اس دوران سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثنا اللہ اے این ایف عدالت پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اپنی حاضری مکمل کرائی۔عدالت نے رانا ثنا اللہ کی گواہوں کے بیانات کی فہرست لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور کیس کی سماعت 11 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن