بھارت کے غیر قانونی قبضے والا کشمیر، انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر یو این کمشن آف انکوائری قائم کیا جائے
جنیوا(کے پی آئی)پاکستان نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائی جائے اس سلسلے میںیو این کمیشن آف انکوائری کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشل بچلٹ پر زور دیا گیا ہے کہ کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف بے بنیاد الزامات ختم کرانے اور انہیں مکمل قانونی تحفظ کی فراہم کے لیے کردار ادا کیا جائے ۔ اس سلسلے میں بھارتی حکومت سے بات کی جائے ۔کے پی آئی کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشل بچلٹ Michelle Bachelet, کو ایک مراسلہ روانہ کیا ہے ۔ خلیل ہاشمی نے مراسلے میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شیطانی چکر کو توڑنے میں مدد کریں۔ کشمیری عوام خصوصا خواتین رہنماں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کو امید کا پیغام بھیجیں۔کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو2016 سے ہندوستانی قید رکھا گیا ہے۔ وہ فی الحال نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ آسیہ اندرابی اوران کی ساتھیوں کے خلاف تمام من گھڑت الزامات کو واپس لیا جائے ۔ ان کشمیری رہنماوں کو کرونا وبا کے باعث جیلوں میں خطرہ ہے انہیں فوری رہا کیا جائے ۔پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی کشمیری سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کو رہا کرایا جائے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا باعث بننے والے قوانین واپس لیے جائیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائی جائے اس سلسلے میںیو این کمیشن آف انکوائری کا قیام عمل میں لایا جائے ۔