نیا سال بے گھر لوگوں کیلئے خوشیاں لائیگا، 8ہزار کنال پر 35000اپارٹمنٹس بنائیں گے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر)2021 اہل پنجاب کے لئے خوشخبریوں کا سال ثابت ہوگا۔ بزدار حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق لاہورسمیت پنجاب کے تمام شہروں کی یکساں ترقی کے وژن پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ نئے سال بے گھرافراد کیلئے بے پناہ خوشیاں لائے گا۔2021ء میں بزدار حکومت ہاؤسنگ کا بے مثال پراجیکٹ لا رہی ہے، جس کے تحت 8ہزار کنال پر 35ہزار اپارٹمنٹس بنیں گے۔ پہلے مرحلے میں ایل ڈی اے سٹی میں چار ہزاراپارٹمنٹ بنانے کی ابتدائی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس منصوبے پر40ارب لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گھروں کے منصوبے کیلئے ابتدائی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ عثمان بزدارنے شہر میں الیکٹرک بس چلانے کیلئے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے الیکٹر ک بس منصوبے پر محکمہ ٹرانسپورٹ سے فوری رپورٹ مانگ لی ہے۔ الیکٹرک بسیں چلانے سے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی آئے گی اور ٹرانسپورٹ کلچر میں مثبت تبدیلی لانے سے سموگ کا خاتمہ بھی ممکن ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بسیں چلانے پرغور کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں اربوں روپے کے پراجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔ علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے فیروزپور روڈ پر ایک ہزار بیڈ ز کا جدید ہسپتال اہل لاہور کیلئے پی ٹی آئی حکومت کا تحفہ ثابت ہوگا، ٹریفک کی روانی کیلئے2اوورہیڈ برج اور2انڈرپاس بنیں گے، ٹھوکر نیاز بیگ پر جدید ترین بس ٹرمینل بنانے کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے، اسی طرح بارش کے پانی کے بروقت نکاس اورذخیرے کیلئے 10انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بھی بنیں گے، وزیراعلیٰ نے نئے سال میں لاہور کو حقیقی ترقی کا قیمتی تحفہ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میگاسٹی اور پاکستان کا دل ہے، اسے سنوارنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو دوسرے شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ماضی قریب میں اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود لاہور کی آبادی کا بہت بڑا حصہ ترقی کے ثمرات سے محروم رہ گیا۔ مسائل کا تعین کئے بغیر سرکاری فنڈ خرچ کرنا قومی وسائل کے ضیاع کے مترادف ہے۔عوام کے رہائشی مسائل کے حل کیلئے تحریک پاکستان حکومت کا ویژن بہت واضح ہے۔نمائشی اور آرائشی منصوبے بنا کر عوام کو دھوکہ نہیں دیں گے۔عثمان بزدار قرنطینہ میں بھی انتظامی امور کی انجام دہی بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ صحت بہتری کی طرف گامزن ہے تا ہم کرونا کے باعث جسمانی کمزوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے طبی رپورٹس حوصلہ افزاء ہیں، جلد بہتری کی امید ہے ایک گھنٹے کے لئے بھی پنجاب کے سرکاری امور کی انجام دہی کا کام موخر نہیں کیا گیاصحتیابی کیلئے دعائیں کرنے والوں اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور میں یہ بھی ضرور کہنا چاہوں گا کہ ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی بچاؤ کیلئے بہترین اقدام ہے۔