احسن اقبال اقامہ سامنے آنے پر دبائو میں ہیں، مراد سعید
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ احسن اقبال اقامہ سامنے آنے پر دبائو میں ہیں، احسن اقبال بتائیں کہ نواز شریف نے اسرائیل وفد کیوں بھیجا تھا اور امریکہ جا کر ڈومور کے حکم مانتے ہوئے انہیں شرم کیوں نہیں آئی۔ ہفتہ کو جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس پر ایک ماہ میں فیصلہ دینے کے مطالبے پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ احسن اقبال کے اقامے کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ احسن اقبال آج تک میرے سوالوں سے بھاگ رہے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ احسن اقبال کا بھائی شہباز شریف سے غیر قانونی ٹھیکے لیتا تھا اور احسن اقبال خود غیر قانونی ٹھیکوں کے دھندے میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ذاتی گھر میں رہائش پذیر ہیں کوئی کیمپ آفس نہیں ہے جبکہ کمائی حلال کی ہو تو رسیدیں نکل آتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے عمران خان کی وجہ سے کشمیر دنیا کا اہم ترین ایشو بنا۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال بتائیں کیا نواز شریف نے لابنگ فرم سے ملاقاتیں نہیں کیں اور نواز شریف نے اسرائیل وفد کیوں بھیجا تھا جبکہ احسن اقبال کو امریکہ جا کر ڈومور کے حکم مانتے ہوئے شرم کیوں نہیں آئی۔