• news

سپریم کورٹ نے عدالتی ہفتے کے لیے کازلسٹ اور ججز روسٹر جاری کر دیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے 4 جنوری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے لیے کازلسٹ اور ججز روسٹر جاری کر دیا، آئندہ عدالتی ہفتے میں پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں چھ بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے، عدالت عظمی نے اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کر دیئے، رجسٹرار آفس سے جاری کازلسٹ کے مطابق بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل ہوگا، بینچ نمبر دو میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس یحیی آفریدی شامل ہوں گے، بینچ نمبر تین میں جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہیں، بینچ نمبر چار جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہوگا، بینچ نمبر پانچ میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس قاضی محمد امین احمد شامل ہیں جبکہ بینچ نمبر چھ جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل ہوگا۔ اس کے علاوہ آئندہ ہفتے اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کے لیے چار خصوصی بینچ بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے ہیں، چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ سینیٹ انتخابات اوپن یا خفیہ رائے شماری سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کرے گا، حکومت کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رائے طلب کی گئی تھی، حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا تھا، اس کے علاوہ جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ ذہنی معذور افراد کو سزائے دینے سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا، عدالت نے گزشتہ سماعت پر ماہر نفسیات سے ذہنی امراض کے شکار قیدیوں کو سزائے موت دینے یا نہ دینے سے متعلق رائے طلب کی تھی، جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ کے سامنے انتخابی عذرداریوں سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن