قصور: شہر بھر میں کم وزن روٹی و نان کی زائد قیمت فروخت جاری
قصور (نمائندہ نوائے وقت)شہر بھر میں کم وزن روٹی و نان کی زائد قیمت فروخت جاری۔ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے عوام کو ناجائز منافع خور تندور و ہوٹل مالکان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔عوام نے دہائیاں دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لے کر بااثر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی اور ضلعی پرائس کمیٹیوں کو فعال بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق روٹی اور نان کے مقررہ وزن 100گرام کی بجائے 60 سے 70 گرام اور روٹی کی قیمت 7 سے 8 روپے،اسی طرح نان کی قیمت بھی 10 سے 15 روپے وصول کی جارہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں بااثر تندور و ہوٹل مالکان کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں اور عوام کو ناجائز منافع خور تندور و ہوٹل مالکان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور بندش کا سلسلہ جاری ہے اور غریب عوام جب اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے کیلئے نان و روٹی خریدنے کیلئے تندوروں کا رخ کرتے ہیں تو یہ تندور و ہوٹل مالکان دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔