پی ڈی ایم جماعتوں کے مشکور جنہوں نے ہمارا مؤقف سمجھا‘ قبول کیا‘ کائرہ
لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارا مؤقف سمجھا اور قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی تحریک کی کامیابی کیلئے جوش کے ساتھ ساتھ ہوش بھی زیادہ ضروری ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت کو سینٹ اور ضمنی انتخابات میں واک اوور دینے کے حق میں نہیں۔ لانگ مارچ کی منزل پنڈی ہو یا اسلام آباد اس پر کوئی اختلاف رائے نہیں۔ پی ڈی ایم جو متفقہ فیصلہ کرے گی سب تسلیم کریں گے۔ پیپلز پارٹی بھی دیگر اتحادی جماعتوں کی طرح اس حکومت سے جلد نجات چاہتی ہے۔ یہ کٹھ پتلی حکومت کچھ دیر اور رہ گئی تو عوام کا کباڑہ نکل جانے گا۔ پیپلز پارٹی سے بڑھ کر کون چاہے گا کہ سیاسی عمل سے اسٹیبلشمنٹ کا کردار فوراً ختم ہو۔ پیپلز پارٹی کی ساری جدوجہد ہی آمرانہ قوتوں سے عوامی جمہوری حقوق واپس لینے کی ہے۔