• news

فرسودہ پالیسیاں جاری رہیںتو خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کر سکتا ہے: سراج الحق 

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی فرسودہ پالیسیاں جاری رہیں تو خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔ ثابت ہو گیا کہ موجودہ اور سابقہ حکمران پارٹیاں عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو گئیں۔ پی ٹی آئی کے تبدیلی کے دعوے جھوٹ کے پہاڑ ثابت ہوئے۔ احتساب کا نعرہ مذاق بن کر رہ گیا۔ امریکی فرم کو ساڑھے چار ارب روپے ذمہ داران کے اثاثے بیچ کر ادا کیے جائیں۔ جماعت اسلامی واحد جمہوری جماعت ہے جو فیملی کلب نہیں۔ نظام بدلنے کے لیے میدان عمل میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مجلس شوریٰ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ اگرچہ سابقہ ادوار میں بھی ملکی بہتری کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں ہوئے موجودہ حکمران تو نااہل ترین ثابت ہو چکے ہیں۔ برطانوی عدالت کی جانب سے امریکی فرم براڈ شیٹ ایل ایل سی کے حق میں فیصلہ آنے پر انہوں نے کہا کہ جرمانہ کی رقم جو 4.59 ارب روپے ہے ذمہ داران کے اثاثے بیچ کر ادا کی جائے اور انہیں جیل بھیجا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کی جدو جہد کا بنیادی مقصد جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور استعمار کے نمائندوں سے عوام کو نجات دلانا ہے۔ فرد اور معاشرہ کی اصلاح کر کے پاکستان میں اس نظام کا قیام عمل لانا ہے جس کے لیے اس خطہ کے کروڑوں مسلمانوں نے جانوں و مال کی قربانی دی تھی۔ کشمیر کا سودا کر دیا گیا۔ ہم اس نا انصافی اور ظلم کے نظام پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہفتہ کو شروع ہوا جو تین دن تک جاری رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن