صدر عارف علوی سے کراچی میں سندھ بزنس چیمبر کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز کراچی میں سندھ بزنس چیمبر کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے خصوصی افراد کو خیرات دینے کی بجائے ان کے معاشی اور سماجی حقوق دینے پر توجہ دی جائے۔ صدر نے کہا کہ خصوصی افراد کو بزنس اور صنعت میں ان افراد کو مہارت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ برآمدی صنعتوں کیلئے خام مال پیدا کرنے والی صنعتوں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت ہے تا کہ انھیں ترجیحی بنیادوں پر توانائی فراہم کی جا سکے۔ صدر کو بتایا گیا کہ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی ہنر فائونڈیشن خصوصی افراد کیلئے ٹیکنیکل کورس تیار کر رہی ہے تا کہ انھیں ملازمت حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ خاتونِ اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں تجارت و صنعت کے مختلف چیمبرز کا دورہ کریں گی۔ کاروباری وفد میں شارق ووہرا صدر کے سی آئی، سلیم الزماں اور عبدالہادی شامل تھے۔