• news

گیس بحران جاری‘ صارفین بے حال‘ شاہدرہ‘ سانگلہ ہل میں مظاہرے 

لاہور‘ بھیرہ‘ جھنگ‘ فیروز والہ‘ سانگلہ ہل (نیٹ نیوز+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) گیس بحران میں دن بدن شدت آ رہی ہے۔ اکثر علاقوں میں گیس غائب دیگر میں پریشر انتہائی کم رہ گیا۔ جبکہ رہی سہی کسر کمپریسر لگانے والوں نے پوری کر دی۔ گھریلو صارفین کو صورتحال میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسئلہ پر شاہدرہ ‘ نواحی علاقوں‘ سانگلہ ہل سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں گیس فراہمی کی بدترین صورت حال برقرار ہے اور سردی کی شدت میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کراچی میں گیس کی قلت سے گھریلو اور صنعتی صارفین پریشان ہیں۔ گوجرانوالہ میں سردی بڑھتے ہی چولہوں سے گیس غائب ہوگئی ہے اور شہری مہنگے سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں۔ ملتان میں گیس کی قلت کے باعث سی این جی سٹیشنز بند کردیے گئے جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس پریشر میں کمی کامسئلہ برقرار ہے۔ اس کے علاوہ زیارت اور قلات میں بھی گیس پریشر میں کمی سے شہریوں کی مشکلات  بڑھی گئی ہیں اور سخت سردی کے باعث شہری مہنگی لکڑی جلانے پر مجبور ہیں۔ فیروز والہ  سے نامہ نگار  کے مطابق شدید سردی کے باؤجود سوئی گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ شاہدرہ اور اس کے ملحقہ علاقوں رچنا ٹائون، جمیل پارک، جاوید پارک، جھلاراں بوٹا پارک میں سوئی گیس کے سینکڑوں صارفین نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ شہریوں کے مطابق ان علاقوں میں سوئی گیس کی بندش کا سلسلہ کافی عرصہ سے جاری ہے۔ نوٹس نہ لیا گیا تو سوئی گیس کے بل احتجاجاً جمع نہیں کرائے جائیں گے۔ سانگلہ ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سانگلہ ہل میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں نمایاں کمی سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا ہے اور لوگ متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں سے سوئی نادرن گیس کمپنی کے افسران کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر گیس پریشر میں اضافہ اور لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ پریشر میں کمی نے لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھا دئیے ہیں۔ محمد ارشد، فتح محمد، محمد علی، قربان حسین، محمد افضل اور محمد اقبال نے کہا ہے کہ سوئی گیس اہلکاروں کی ملی بھگت سے اکثر لوگوں نے گھروں میں  کمپریسر لگا رکھے ہیں جس سے عام آدمی کے گھر میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہو گیا ہے جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی بندش کم پریشر کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن