• news

اسلام آباد، راولپنڈی پر چڑھائی جیسا ایجنڈا ہر صورت ناکام بنا دیا جائیگا‘ فردوس عاشق

لاہور (آن لائن+کامرس رپورٹر) اسلام آباد اور پنڈی پر چڑھائی کی بات کرنے والے پارلیمانی اداروں اور ملکی سلامتی کے دشمن ہیں جو ملک کوانتشار، فساد اور سیاسی و معاشی عدم استحکام کی راہ پر لے جانا چاہتے ہیں۔ ایسا عوام دشمن ایجنڈا  ہر صورت ناکام بنا دیا جائے گا۔ یہ بات معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دوغلے رویئے کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ جس اسمبلی کو وہ جعلی اور نان الیکٹڈ کہتی ہے، ضمنی الیکشن کے ذریعے اسی میں جانے کے لئے بے قرار ہے۔ پی ڈی ایم کی قیاد ت نے نئی تاریخ دے کر ایک مرتبہ پھر قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی۔ آصف زرداری پی ڈی ایم کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اپنی چالوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈی گڈے کا کھیل ختم ہو گیا اور مولانا جاتی امرا میں لنگر پانی کھانے کے بعد حسب معمول بڑھکیں ہانکنے کی عادت سے باز نہیں آئے۔ پی ڈی ایم کا بیانیہ اب پنکچر ہو چکا ہے اور اب مریم نواز اور بلاول جیسے لیڈر اپنی فیس سیونگ کے لئے ویڈیو لنک کے ذریعے لکاچھپی کا کھیل کھیل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے کندھے مولانا کو بندوق چلانے کے لئے دے دیئے ہیں۔ اسلام آباد پر چڑھائی مایوس شکاریوں کا آخری حربہ ہے کیونکہ ان کے آگے کھائی اور پیچھے کنواں ہے۔ ہاشم جواں بخت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا گزشتہ حکومت پنجاب کو 1200ارب روپے کا مقروض کر کے گئی۔موجودہ حکومت نے مالی مشکلات کا سامنا حکمت عملی سے کیا۔کرونا جیسی مضر معیشت وباء کے باوجود ٹیکس وصولیوں میں ریکارڈ اضافہ عوام کا موجودہ حکومت پر اعتماد ہے یہ ہے نیا پنجاب۔ پنجاب کا کرنٹ اکاؤنٹ پچھلے پانچ ماہ سے سر پلس ہے۔  25سے زائد سروسز پر ٹیکس میں چھوٹ کے باوجود مالی سال کے رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں پچھلے سال کی نسبت 42فیصد اضافہ ہوا۔رواں مالی سال میں سٹیمپ ڈیوٹی پر چھوٹ سے وصولیوں میں 80فیصد تک کی کمی متوقع تھی اس کے بر عکس 50فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کفایت شعاری کی مہم کے تحت 37ارب روپے کی ضمنی گرانٹس کی سفارشات رد کی گئیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کوویڈ سے عوام کے معاشی تحفظ کے لیے ضروری تھا کے معیشت کا پہیہ چلتا رہے اس لیے ٹیکس کی بجائے کاروبار کو ترجیح دی۔وصولیوں میں اضافے کے لیے ٹیکس دہندگان کے اعتماد کی بحالی کی راہ اختیار کی گئی۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ٹیکس دہنگان کی رہنمائی کے لیے منعقدہ ورکشاپس اور محکمہ خزانہ کی موبائل ایپلیکیشن ای پے پنجاب نے وصولیوں میں اضافے کے لیے انتہائی مثبت کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ حکومت پنجاب کو 1200ارب روپے کا مقروض کر کے گئی۔موجودہ حکومت نے مالی مشکلات کا سامنا حکمت عملی سے کیا۔کرونا جیسی مضر معیشت وباء کے باوجود ٹیکس وصولیوں میں ریکارڈ اضافہ عوام کا موجودہ حکومت پر اعتماد ہے یہ ہے نیا پنجاب۔دو سال کی قلیل مدت میں 13اکنامک زونز کام کا آغاز عوامی روزگار میں اضافے کے لیے کی جانے والی بہترین کاوش ہے۔ دریں اثناء ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مرض لاعلاج ہے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کشتی منجدھار میں ڈوب گئی مریم نواز لیڈر بننا چاہتی ہیں تو جاتی امراء کے محل سے باہر نکلیں۔  انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت قبضہ مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتی ہے قبضہ مافیا کاک قلع قمع کرانے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن