• news

پنجاب کئی شہروں میں دھند کا راج ٹریفک حادثات میں 5افراد جاں بحق

لاہور، سرگودھا، شورکوٹ، ساہیوال، چیچہ وطنی، کسووال، چناب نگر، پنڈی بھٹیاں، جڑانوالہ، گجرات، پھلروان (صباح نیو+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے+ نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج، کئی مقامات پر موٹروے بند پروازوں کا شیڈول بھی متاثر، شہریوں کو مشکلات  کا سامنا۔ دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ لاہورمیں شدید دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ٹریفک کے لئے موٹروے بند رہی۔ لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے اطراف میں شدید دھند کے باعث ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور اندرون و بیرون ملک 12پروازوں کی آمد اور روانگی متاثر ہوئی، ایئرپورٹ سے ایک پرواز کی روانگی منسوخ جبکہ 5 پروازوں کی روانگی تاخیر کا شکار ہوئی۔ ایئر پورٹ آنے والی6 پروازوں کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ فیصل آباد ریلوے حکام کے مطابق ریلوے سٹیشن پر دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق پھلروان اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث زندگی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ سالم سے لاہور جانے آنے والی ٹریفک تمام رات جام رہی جس سے گاڑیوں کی لمبی لائن لگ گئی۔ لاہور سے آنے والے اخبار بھی نہ آسکے۔ شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شور کوٹ شہر اور گردو نواح میں صبح کے اوقات میں شدید دھندکاراج رہا۔ دھند سے حد نگاہ صفر تک محدو ہوگئی۔ رات گئے دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ جبکہ موٹروے کو شور کوٹ انٹرچینج سے ٹوبہ انٹر چینج تک بند کر دیا گیا۔ دھند کی وجہ سے موٹروے کو شور کوٹ انٹرچینج سے ملتان انٹرچینج تک بھی بندرکھا گیا۔ دھند ختم ہوتے ہی موٹروے کو دوبارہ کھول دیاگیا۔سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابقسرگودھا شہرگردونواح سمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع میں شدید دھند کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ اور حد نگاہ صفر ہو گیا جبکہ دھند کی شدت کے باعث سرگودھا ضلع کے چاروں انٹرچینج سمیت موٹروے پر ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ کمالیہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کمالیہ شہر اور گردونواح میں شدیددھند، سردی میں اضافہ۔ دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو کر رہ گئی۔ ٹریفک کی روانی شدید متاثر، دھند کے باعث موٹروے ایم تھری کمالیہ رجانہ انٹرچینج بند رہا۔ ساہیوال، چیچہ وطنی، کسووال سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگاران کے مطابق جی ٹی روڈ پر ہڑ پہ ٹول پلازہ کے قریب دھند کے سبب ایک تیز رفتار کار در خت سے ٹکرانے کے نتیجہ میں دو نوجوان، زمیندار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ مر نے والوں میں چک 3۔دس ایل کے زمیندار محمد انور دیال کا 32سالہ بیٹا محمد عثمان اور زمیندار امخزن دیال کا بیٹا حماد40سالہ شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک کار نمبر 6664۔ایل جی اے میں تینوں کزن صبح سویرے دھند کے دوران اپنے چک3۔10ایل سے چیچہ وطنی کچہری جا رہے تھے کہ دھند کے سبب کار بے قابو ہو کر در خت سے جا ٹکرائی۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی اور سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق فیصل آباد روڈ نزد بھٹو کالونی کے قریب کوسٹر اور کار میں تصادم ہوا کوسٹر چنیوٹ سے فیصل آباد جبکہ کار چنیوٹ کی طرف آ رہی تھی کہ ٹکرا گئے حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق  ڈھل بنگش کے قریب گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا۔ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ تھانہ ڈنگہ کے علاقے ڈھل بنگش کے قریب موٹر سائیکل سوار بلال حسن ساکن ٹوپہ عثمان کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی جس سے بلال حسن جاں بحق ہوگیا۔ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  کھرڑیانوالہ کے علاقہ میں مکوآنہ بائی پاس روڈ پر سکیورٹی وین اور ٹرالے کے درمیان تصادم ہو گیا جس کے نتیجہ میں شفاقت نامی شخص موقع پر جاں بحق، لیاقت علی، جاوید وغیرہ زخمی ہوگئے۔ جبکہ ایک اور حادثہ میں ماں بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں 35گ ب کا رہائشی عبداللہ ولد ندیم گھر کے باہر گلی میں کھیل رہا تھا کہ گلی سے گزرنے والے ٹریکٹر ٹرالی کے تلے آکر موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق روڈ پر دھند کے باعث کار اور مسافر وین میں ٹکر حادثہ کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن