• news

گیس بحران: صورتحال مزید خراب ، چولہے چراغ بن گئے، لاہور میں کئی مقامات پر احتجاج

لاہور‘ پنڈی بھٹیاں‘ بھکھی‘ کھڈیاں خاص‘ ایمن آباد  (نیوز رپورٹر +  نامہ نگاران)  لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس بحران بدترین صورتحال اختیار کر گیا۔ لوڈشیڈنگ کے ساتھ دیگر اوقات میں بھی گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسئلہ پر کئی علاقوں میں شہریوں نے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔ لاہورسے نیوزرپورٹر کے مطابق لاہور میں گیس کا بحران ختم نہ ہوسکاجس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم جبکہ کئی علاقوں میں گیس آنا ہی بند ہو گئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے گیس نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، سلنڈر بھروا کر گزارا کر رہے ہیں، جس سے ماہانہ اخراجات متاثر ہوتے ہیں۔گیس کی بندش کے خلاف لاہور کے کئی علاقوںمیں شہریوں نے احتجاج بھی کئے ہیں مگر سوئی گیس حکام اقدامات نہیں کرسکے ۔ سوئی ناردرن حکام کے مطابق لاہور ریجن کی ڈیمانڈ 250 ملین تک پہنچ گئی، گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس دی جا رہی ہے، شکایات کے ازالہ کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق سردی کی شدت کے ساتھ ہی گیس کی بندی اور پریشر میں کمی کی وجہ سے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ بھکھی سے نامہ نگار کے مطابق بھکھی اور گردونواح میں گیس کی شدت قلت اور لوڈشیڈنگ سے عوام سخت پریشان ہیں۔ کھڈیا خاص سے نامہ نگار کے مطابق کھڈیاں خاص اور منڈی عثمان والا میں سوئی گیس بالکل بند ہوگئی۔ ایمن آباد سے نامہ نگار کے مطابق گیس کی مسلسل 9 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر ایمن آباد اور نواحی علاقہ کی عوام نے شدید احتجاج کیا ہے۔ گیس کی طویل بندش کے باعث گھریلو صارفین کے علاوہ کاروباری طبقہ بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ نئے ممبر چیمبر آف کامسر ملک حسیب خان سابقہ چیئرمین ملک خورشید خان ایڈووکیٹ سابق چیئرمین غلام مصطفے خان ایڈووکیٹ سابقہ کونسلر چودھری دلشاد خان سابقہ کونسلر تبسم خان کے علاوہ مختلف سماجی سوشل تنظیموں اور علاقہ بھر کی عوام نے گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ پریشر بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق ٹاؤن شپ میں سوئی گیس کی کئی ماہ سے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ،اہل علاقہ چولہے، سلنڈر، لکڑیاں اٹھا کر سڑکوں پر نکل آئے۔ سماجی رہنما و سابق جنرل کونسلر محمد سرفراز خان کی قیادت میں مدینہ بازار کے تاجروں اور مکینوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ جس پر’’گیس دو بل لو‘‘،’’ لوڈشیڈنگ سے نجات دو ‘‘اور حکام کے خلاف نعرے درج تھے۔ مطاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد سرفراز خان کا کہنا تھا کہ  ٹاؤن شپ میں سوئی گیس کی بلا جواز لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن