حکومت‘ اپوزیشن کو ملکر عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا: پرویز الٰہی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عماریاسر نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنی وزارت سے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے معاشی سرگرمیوں کی بہتری کے لئے محکمہ معدنیات کے اقدامات اورپرفارمنس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہویا اپوزیشن،سب کو ملکر عوامی مسائل کے حل کے لئے کردار اداکرنا ہوگا ۔ معاشی سرگرمیوں میں تیزی لاکر عوامی ریلیف کو فوکس کرنا ہوگا۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے وزرا اپنے محکموں میں بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہماری جماعت کا مشن عوامی خدمت ہے ماضی میں بھی بھر پور عوامی منصوبے لائے ہیں آج بھی عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ اتحادی جماعت کی حیثیت سے عوام کے ریلیف کے لئے بھرپور کام کررہی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملکی حالات اجتماعی کاوشوں کا تقاضا کررہے ہیں تاکہ عوامی مسائل کاحل ہوسکے۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے اپنی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ معدنیات کی جانب سے 16 کمپنیوں کو سمینٹ لائسنس جاری کردیئے، سمینٹ لائسنس کے اجرا سے پنجاب میں 560 ارب کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔محکمہ معدنیات نے 10 سال کے بعد کوئلے کے لائسنس پر عائد پابند ی ختم کی ہے ۔ لیز تجدید اورلائسنس کے اجرا کے عمل کو کمپیوٹرائز سسٹم شروع کیا۔ حافظ عمار یاسر نے کہا کہ مائنز لیبر ویلفیئر کے لئے ایک کروڑ 30 لاکھ سے مثالی اقدامات کیئے گئے اور 7 اسکولز،79 ہاوسنگ سہولیات اور چار ڈسپنسریوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔کان کنوں کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے۔انہوںنے کہا کہ محکمہ کی جانب سے مقرر کردہ مالی وصولیوں کے اہداف میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔