• news

مریم نواز بھول گئیں،شاہی خاندان نے لاہور سنوارنے کا نام لے کر جنوبی پنجاب کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالا: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا کہ  مریم نواز کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں، جاتی  امراء  روڈ کی بار بار کارپٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجوڈارو کا نقشہ پیش کرتی ہیں، مریم نواز کی بہاولپور میں پی ڈی ایم جلسے سے کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ افسوس  مریم نواز بہاولپور میں خطاب کرتے ہوئے یہ بھول گئیں کہ اس شاہی خاندان نے لاہور کو بنانے سنوارنے کے نام پر جنوبی پنجاب کے عوام کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالا، وفاقی وزیر اطلاعات  نے شریف خاندان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم صحت اور روشنی کو ترستے رہے جبکہ ان کے سارے وسائل لاہور پر خرچ کردئیے گئے، جنوبی پنجاب کے کاشتکار اس شاہی ٹولے سے نفرت کرتے ہیں، مسلم لیگ نے اپنے دور حکومت میں انہیں بھوکے مرنے پر مجبور کیا،گنے کے کاشتکار اپنی فصلیں ٹرالیوں پہ لیے حکومتی پالیسیوں کو کوستے، مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کی نفرت میں کپاس کے کاشتکاروں کی زندگیاں تباہ کیں، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فصل کی بیجوں سے لیکر کیڑے مار ادویات کی فراہمی روک کے اس شاہی ٹولے نے کسانوں کو بھوکے مرنے پہ مجبور کیا،  جاتی  امراء کے روڈ کی بار بار کارپٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجوڈارو کا نقشہ پیش کرتی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات  نے کہا کہ مریم نواز کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنا وعدہ نبھا رہی ہے،پہلی بار تخت لاہور کے بجائے  جنوبی  پنجاب کے ایک دور افتادہ علاقے سے وزیراعلی منتخب کیا گیا، علیحدہ سیکریٹریٹ قائم کیا گیا، آج جنوبی پنجاب میں یکساں ترقیاتی کام ہورہے ہیں،سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عوام مطمئن ہیں یہی خوف ہے اقتدار سے عدلیہ اور اپنی کرتوتوں کی وجہ سے نکالے گئے کرپٹ خاندان کی نیندیں اڑا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن