• news

پی ڈی ایم بیانیہ جاتی امرا تک محدود، اسمبلی کو جعلی کہنے والے ضمنی الیکشن لڑینگے‘ فردوس عاشق

سیالکوٹ‘ ڈسکہ‘ لاہور (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بسنے والوں کے سماجی و بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں تمام ادارے سرگرم ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹی ایچ کیو ڈسکہ اور پناہ گاہ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے کی طرزپر ہیلتھ کئیر ماڈل پنجاب میں اپنایا جارہا ہے۔ پی ڈی ایم کا بیانیہ جاتی امراء تک محدود ہوگا۔ اسمبلی کو جعلی قرار دینے والوں پی ڈی ایم ضمنی الیکشن میں کود رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کی عوام پی ڈی ایم کی آواز سننے کیلئے تیار نہیں ۔  پی پی کی حکومت گذشتہ 15سال سے حکومت میں ہے۔یہ مرسوں مرسوں استعفے نہ دے سوں کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ نواز شریف صاحب حکومت میں ہوئے بلوچستان کیلئے ٹس سے مس نہیں ہوئے مریم ساؤتھ پنجاب کس منہ سے گئیں ہیں۔ پی ڈی ایم کی فلم سیاسی سینما میں چلنے سے قبل فلاپ ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ہیپاٹائٹس کلینک کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہاکہ منتخب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنا غیر آئینی اور غیر قانونی مطالبہ ہے پی ڈی ایم سن لے کہ 2023ء تک عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے۔ کرونا کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جلسے کررہی ہے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوا م کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شوباز اینڈ کمپنی نے بیدردی سے عوامی پیسہ لوٹا، (ن) لیگ نے پنجاب کو1200ارب روپے کے قرض میں ڈبو کر عوام کو معاشی گھائو دیئے۔  فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا ہے کہ جعلی راج کماری حکومت گرانے نکلی ہے۔ مریم نواز ہر شہر میں نئی فلم ریلیز کرتی ہیں۔ پی پی کا نیا نعرہ ’’مرسو مرسو استعفے نہ دے سوں‘‘ ہے۔ فردوس عاشق اعوام نے بہاولپور ریلی میں پی ڈی ایم لیڈروں کی تقاریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ مریم نواز کو عام آدمی کے مسائل کا علم ہی نہیں مریم نواز چاند پر تھوکنے کی کوشش کر رہی ہیں ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا کر سیاست کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں بہاولپور کے عوام مسلم لیگ ن سے نظرانداز کرنے کا حساب مانگ رہے ہیں۔ مریم نواز دعوے نہ کریں اب استعفوں پر عمل کریں۔ مریم نواز کے رانا ثناء اللہ کی تعریف پر حاضرین گتھم گتھا ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن