• news

پشاور :گیس لیکج کے باعث دھماکہ ‘ خواتین سمیت 4افراد جھلس کر زخمی

پشاور(بیورورپورٹ)صوبائی دارالحکومت پشاور میں گھر کے اندر گیس لیکج کے باعث دھماکہ کے نتیجہ میں بچوں اور خواتین سمیت 4افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ ترجمان 1122  کے مطابق اتوار کی صبح یکہ توت میں گھر کے اندر گیس لیکج کے باعث دھماکہ اور آگ لگنے کی اطلاع پر امدادی ٹیموں، فائر بریگیڈ اور دیگر عملے کو جائے وقوعہ روانہ کردیا گیا جنہوں نے آگ پر قابو پانے کے بعد واقعے میں زخمی ہونے والے 4افراد کو ابتدائی امداد کی فراہمی کے ساتھ حیات آباد برن سنٹر منتقل کردیا جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں میں 2خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ آگ کے باعث مکان میں موجود قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث حادثات میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور آئے روز حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع سمیت درجنوں افراد جھلس کر زخمی ہورہے ہیں، ذرائع کے مطابق پشاور میں رواں موسم سرما کے دوران اب تک گیس لیکج کے باعث 30سے زائد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن