دھندبر قرار،سائیوال میں ویگن الٹ گئی،ایک خاندان کے3افراد جاں بحق
لاہور‘کھڈیاں خاص(سپورٹس رپورٹر+ نمائندگان+ نامہ نگاران) کئی علاقوں میں دھند کا سلسلہ اتوار کے روز بھی برقرار رہا۔ جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے وہاڑی سے فیصل آباد جانیوالی ویگن کمالیہ چیچہ وطنی روڈ پر خان دا چک کے قریب دھند کے باعث اور ٹیکنگ کے دوران الٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں وہاڑی کے رہائشی ایک ہی خاندان کی 2 خواتین سمیت 3 افراد جان بحق 10 زخمی ہوگئے‘ 3 افراد کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے‘ دوسری طرف گزشتہ مختلف مقامات پر بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے آج سوموار کے روز بھی بارش‘ ژالہ باری اور پہاڑوں پر برف پڑنے کی پیشن گوئی کی ہے۔وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بدقسمت خاندان شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد فیصل آباد سے واپسی پر حادثے کا شکار ہو گیا۔ 50 سالہ عبدالرؤف بٹ اور اور اس کی دو بھابھیاں خالدہ اور فریدہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ 40 سالہ صفیہ, 50 سالہ شگفتہ, 6 سالہ ارحم, 50 سالہ فاروق, مبشر اور دیگر زخمی ہو گئے ریسکیو 1122 نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے زخمیوں کو سول ہسپتال چیچہ وطنی داخل کروا دیا ہے جہاں تین افرادکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے تین نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ بھر کی فضاء سوگوار رہی۔ ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔لاہور سپورٹس رپورٹر اسلام آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلو چستان اورشمالی علاقہ جات میں شدید سردرہا۔سب سے زیادہ بارش کشمیر، اننت ناگ 19 ، جموں نارووال 6 ، گوجرانوالہ 6 ، سیالکوٹ 6 ، حافظ آباد 5 ، منڈی بہاوالدین میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کھڈیاں خاص سے نامہ نگار کے مطابق کھڈیاں خاص اور گردونواح میں دھند نے اپنے ڈیرے جما لئے سردی کی شدت میں بھی اضافہ بازار سنسان لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ خشک میوہ جات کے ریٹ بھی بڑھ گئے ہیں اس کے علاوہ مچھلی فروشوں کی چاندنی ہو گئی ہے۔