حویلیاں طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے والا افسر فارغ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ ایئر کموڈور (ر) عثمان غنی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ وہ 2018 انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان غنی نے حویلیاں حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی، انہوں نے دباؤ کے باوجود اے ٹی آرطیارہ حادثے کی رپورٹ مکمل کی، طیارہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آچکی ہے جب کہ تفصیلی رپورٹ آنا باقی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اے ٹی آر حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے انہیں ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کا معاملہ شکوک وشبہات پیدا کر رہا ہے۔ دوسری جانب ترجمان وزارت ہوابازی عبدالستار کھوکھر کا کہنا ہے کہ عثمان غنی 31 دسمبر کو ریٹائر ہوگئے تھے اس لیے انہیں اس عہدے سے ہٹادیا گیا، انہیں پہلے ہی ایکسٹینشن دی جاچکی تھی، ایئرکرافٹس انویسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ کے لیے نئے ناموں پر غور جاری ہے۔