• news

18جنوری : تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) وفاقی حکومت نے کرونا کے باعث موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے تین مرحلوں میں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے تین مراحل میں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ 18 جنوری کو نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کی کلاسیں شروع ہو جائیں گی جبکہ 25 جنوری سے پرائمری تا 8ویں کے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم فروری سے جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیمی ادارے بھی کھل جائیں گے۔ جبکہ 11 جنوری سے آن لائن لرنننگ کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ بورڈ کے امتحانات مئی اور جون میں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے تاہم 14، 15 جنوری کو صحت کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 18جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نویں سے 12ویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو 18جنوری سے کھول دیا جائے گا، 25جنوری سے پرائمری سے آٹھویں کلاسز کے بچے سکول آنا شروع کر دیں گے، بورڈ کے امتحانات اب مئی اور جون میں ہوں گے، بچوں نے ابھی تک اپنا کورس ورک مکمل نہیں کیا، وہ اس عرصے میں اپنا کورس ورک مکمل کر سکیں گے۔  پیر کو معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سخت احتیاطی اقدامات اٹھائے جن کا تعلق ہمارے تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے تھا اور جو دیگر ہم نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جیسے بڑے اجتماعات، شادی ہال اور ریسٹورنٹس بند جگہ پر ڈائننگ پر پابندی عائد کی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے واضح اثر تعلیمی ادارے بند کرنے سے پڑا، یہ تعلیمی ادارے ہمارے ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم حصہ ہیں اور ہم نے بادل نخواستہ ہی انہیں بند کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا سے یہ چیز واضح ہوئی ہے کہ شاید اس وقت ہمیں اس معاملے میں مزید احتیاط اور التوا کرنے کی ضرورت پڑے تاکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل ہماری دوسری لہر کی شدت میں کمی آ چکی ہو۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا اثر پڑا اور دوسری لہر میں کچھ ٹھہرائو دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شفقت محمود نے کہا کہ ہماری حکومت کے پیش نظر اولین چیز یہ ہے کہ ہم نے بچوں کی صحت کا خیال رکھنا ہے اور بچوں کی صحت سے کوئی رسک نہیں لینا اور تفصیلی بحث مباحثے کے بعد یہ فیصلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18جنوری کو نویں سے 12ویں کی وہ جماعتیں جن کا امتحان ہونا ہے، وہ شروع ہو جائیں گی اور ان جماعتوں کے طالبعلم اپنے سکول و کالجز میں جائیں گے اور ان کی پڑھائی شروع ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 جنوری سے پرائمری سے 8ویں تک باقی طالبعلم سکول آنا شروع کردیں گے جبکہ یکم فروری کو یونیورسٹی، کالجز سمیت ہائر ایجوکیشن کے ادارے کھول دیے جائیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ بتدریج تین مرحلوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کا عمل مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 10تاریخ موسم سرما کی تعطیلات دی تھیں اور اساتذہ اور انتظامی عملے کو 11جنوری سے سکول، کالجز، یونیورسٹیز آنے کی اجازت ہو گی۔ یونیورسٹیز آن لائن کام کر سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ بورڈ کے جو امتحانات مارچ یا اپریل کے اوائل میں ہونے تھے ان کو ملتوی کیا جا رہا ہے اور بورڈ کے امتحانات اب مئی‘ جون میں ہوں گے کیونکہ بچوں نے ابھی تک اپنا کورس ورک مکمل نہیں کیا اور وہ اس عرصے میں اپنا کورس ورک مکمل کر سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 14 یا 15 جنوری کو کرونا کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ بیماری کنٹرول میں ہے اور ہم جو دیکھ رہے ہیں ٹرینڈ اسی لحاظ سے چل رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن