تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی، مسترد عناصر پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تحفہ ہے۔ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے فنڈز کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا اور ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے۔ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔ اب جنوبی پنجاب کے فنڈز نہ کسی شہر کو منتقل ہوں گے نہ کسی اور منصوبے پر خرچ کئے جاسکیں گے۔ وہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر ہی صرف ہوں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کو اس کا حق واپس کررہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں پہلی بار حقیقی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ مسترد شدہ عناصر جنوبی پنجاب پر پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں۔ جنوبی پنجاب پر سیاست چمکانے والے ناکام رہیں گے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو جو مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے سیاسی شو بازی کر کے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکا دیا۔ سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے۔ مکار دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی سازش کررہا ہے۔ ایک طرف دشمن مذموم عزائم رکھتا ہے اور دوسری طرف پی ڈی ایم انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن عناصر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھ چکے ہیں۔ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔ یہ نازک وقت یکجہتی، اتحاد اور اتفاق کا تقاضا کرتا ہے۔ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔ انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے وہاڑی میں تشدد سے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بانی سعودی عرب شاہ عبدالعزیزکے نواسے شہزادہ خالد بن فیصل کے ا نتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔