آج بھٹو کا یوم پیدائش‘ اصغر خان کی برسی‘ قائدعوام نے متفقہ آئین دیا: بلاول
اسلام آباد/ لاہور ( جاوید صدیق‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) پانچ جنوری کو پاکستان کے دو نامور سیاستدانوں میں سے ایک کا یوم پیدائش اور دوسرے کی برسی منائی جا رہی ہے۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا آج یوم پیدائش منایا جائیگا۔ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی سیاست کا یادگار کردار تھے جس نے اس ملک کی سیاست پر انمٹ اثرات مرتب کئے ۔انھیں پانچ جولائی 1977 کو مارشل لاء کے نفاذ کے بعد اقتدار سے الگ کر دیا گیا۔ آج ہی پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر مارشل اصغر خان کی برسی ہے۔ ایئر مارشل اصغر خان 1968 میں ایوب مخالف مہم میں بھٹو کیساتھ تھے۔ بعد ازاں جب مشرقی پاکستان الگ ہوا اور مسٹر بھٹو ملک کے سربراہ بنے تو اصغر خان ان کے خلاف ہو گئے اور ان کے درمیان سیاسی اختلافات شدت اختیار کرتے رہے، ایئر مارشل اصغر خان کی تحریک استقلال بھٹو حکومت کیخلاف صف اول کی اپوزیشن جماعت بن گئی۔ ایئر مارشل اصغر خان کی جماعت میں سابق وزیراعظم نواز شریف، خورشید قصوری، اکبر بگٹی، عابدہ حسین، فخر امام اور جاوید ہاشمی بھی شامل رہے۔ ایئر مارشل اصغر خان نے ہی 1977 کی پاکستان قومی اتحاد کی تحریک میں آزاد کشمیر کے قریب کوہالہ کے پُل پر ایک تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ذوالفقار علی بھٹو کو کوہالہ پُل پر پھانسی دوں گا‘‘۔ کئی سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھٹو کو پھانسی دینے کاآئیڈیا سب سے پہلے اصغر خان نے دیا۔پیپلز پارٹی پنجاب کے زیرانتظام مرکزی تقریب صوابائی سنٹرل سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہورمیں منعقد ہوگی۔پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری اسلم گل نے تقریب آرگنائزر کی ہے۔تقریب میں پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت اور جیالوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔اس موقع پر چودھری منظور احمد، ملک عثمان،عاصم محمود بھٹی سمیت پنجاب کی قیادت خطاب کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت اور مساوی حقوق کے لئے جدوجہد کا سب سے بڑا آئیکن اور بنیاد رکھنے والا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 93 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا ہے کہ قائدِ عوام نے سقوطِ ڈھاکا کے بعد پاکستان کے ٹوٹے پھوٹے ٹکڑوں کو اٹھایا اور سیاسی طور پر مایوس عوام میں نئی روح پھونک کر ملک کے بانی اجداد کے خواب کو نئی جِلا بخشی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف اپنے سیاسی و سفارتی تدبر کے ذریعے دشمن سے 90 ہزار جنگی قیدیوں کو رہا کروایا اور ہزاروں مربع کلومیٹر زمین کو واگذار کروایا بلکہ مستقبل میں اس طرح کی نقصان کو دوبارہ ہونے سے ملک کو بچانے کے لئے انہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد بھی رکھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ان کاوشوں و منصوبوں کو فراموش نہیں کرسکتا، جن کے ذریعے انہوں نے مائیکرو خواہ میکرو صنعت کو فروغ دے کر ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا، تعلیم ادارے قائم کیئے، متفقہ آئین دیا اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو سیاسی طور بااختیار بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو قائدِ عوام نے اپنی نصف صدی پر مبنی زندگی کے دوران ملک کے لیئے جو کچھ کیا اس کی قائداعظم کے بعد کے پاکستان میں کوئی نظیر نہیں ہے، جس کی پاداش میں ملک اور اس کے جمہوری نطام کے دشمنوں نے اسے عدلیہ کے ذریعہ قتل کرادیا۔