پی ڈی ایم سیاسی موت مر چکی تو وزیراعظم روز ماتم کیوں کر رہے؟: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب پی ڈی ایم اگر سیاسی موت مر چکی ہے تو آپ ہر روز اجلاس بلا کے ماتم کیوں کر رہے ہیں؟۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ کی مسلط کردہ حکومت اپنی نالائقی، نااہلی اور چوری کی موت مر رہی ہے۔ عمران صاحب اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کے بجائے عوام کو جو ٹف ٹائم آپ کی نالائقی نااہلی اور چوری سے مل رہا ہے، اس کا علاج ہو چکا ہے۔ عمران صاحب کرائے کے ترجمانوں کا اجلاس بلانے کے بجائے معیشت پر اجلاس بلائیں جو ڈوب چکی ہے۔ آٹا، چینی، بجلی، گیس، ایل این جی، دوائی چوری پر اجلاس بلائیں۔ پھولوں کے شہر لاہور کی صفائی پر اجلاس بلائیں جو آپ کی نااہل، نالائق اور کرپٹ حکومت میں کوڑے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ 19جنوری کو پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی تاکہ آپ کو فارن فنڈنگ کیس میں دیا گیا این آر او اپس لیا جا سکے۔