محکمہ سکولز نے 2015ء میں بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کو بی ایڈ پاس کرنے کی مدت میں ایک سال کی رعایت دیدی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ایجوکیٹرز کے لئے بڑی خوش خبری، محکمہ سکولز پنجاب نے 2015 میں بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کو بی ایڈ پاس کرنے کی مدت میں ایک سال کی رعایت دے دی۔ ایجوکیٹرز کو بی ایڈ کے بغیر پالیسی کے مطابق ریگولر کرنے کے لئے تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے گوجرانوالہ سمیت صوبہ بھر کے سی ای اوز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں 2015 اور اس کے بعد بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کو بی ایڈ کی پروفیشنل ڈگری مکمل کرنے میں ایک سال کی رعایت دی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 2015 اور اس کے بعد بھرتی ہونے والے ایجوکیٹرز کو پانچ سالہ ملازمت پوری کرنے پر ان کو پالیسی کے مطابق ریگولر کیا جائے اور ان کو بی ایڈ پاس کرنے کے لئے ایک سال کی رعایت دی جائے۔