کوکاکولا کراچی کے متعدد علاقوں میں 17 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کرے گا
لاہور (پ ر) کوکا۔کولا پاکستان شہر قائد میں سہولیات سے محروم متعدد علاقوں میں پینے کے صاف پانی کیلئے 17 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لئے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن، روٹری انٹرنیشنل اور دو فلاحی اداروں کے ساتھ اشتراک کررہا ہے۔ اس سلسلے میں کوکا۔کولا اپنی مہم 'کراچی محبت ہے' کے تحت اپنی کاروباری سماجی ذمہ داری کا یہ منصوبہ مکمل کر رہا ہے جس کی لاگت 2کروڑ 67 لاکھ 80 ہزار روپے ہے۔ ان پلانٹس سے اختر کالونی، ہزارہ کالونی، مچھر کالونی، لاسی گوٹھ، خادم سولنگ گوٹھ اور آتمہ کالونی جیسے کم آمدن والے علاقوں کے 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی حاصل ہوگا۔ ایک فلٹریشن پلانٹ کاروان حیات نفسیاتی علاج و بحالی مراکز میں بھی قائم کیا جائے گا۔