اقوام متحدہ غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں مودی کے مظالم کا نوٹس لے: رحمن ملک
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ آج کشمیر میں بھارتی کرفیو، ظلم و بربریت کا 519 واں سیاہ ترین دن ہے۔ یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ تاریخ کے لمبے ترین کرفیو سے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر دنیا کا سب بڑا جیل و ٹارچر سیل بن چکا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرے اور اقوام متحدہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالی اور مودی کے مظالم کا نوٹس لے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا اقوام متحدہ اپنے سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو خودرادیت کا حق دلوا دے۔ کشمیر کے بہادر شہداء کا خون رنگ لائے گا۔ شکست بھارت کا مقدر ہے۔ انہوں نے کہا آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔