• news

تاجر برادری کرونا سے متاثر معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ‘  پرویز الٰہی

لاہور(خصو صی نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر قیصر بریار سینئر اور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ چودھری سلیم بریار نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے ملکی معیشت کا برا حال ہے، تاجر برادری اس مشکل وقت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مچھ میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار کو سیالکوٹ میں تنظیم سازی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپیں اور مسلم لیگی کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ اس لئے عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے کارکنوں کو بلدیاتی الیکشن کیلئے تیار کیا جائے اس موقع پر قیصر بریار نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سیالکوٹ کے موقع پر چیمبر کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا گیا، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چودھری پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب سیالکوٹ میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 6 سو ایکڑ زمین خریدی تھی اس پر یونیورسٹی بنائی جائے، وزیراعظم عمران خان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے فوری طور پر یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔سپیکر  پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹر سید مرتضیٰ جعفری نے محض یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو ان کا خوبصورت پورٹریٹ پیش کیا۔ چودھری پرویز الہیٰ  نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئیکہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ تیاری کے قریب ہے لہذا اس میں بابائے قوم قائداعظم اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے نئے پورٹریٹ  لگائے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن