ڈینیئل پرل قتل کیس‘ ملزموں کی رہائی سے متعلق نکات پر سپریم کورٹ نے رائے محفوظ کر لی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ڈینیئل پرل قتل کیس کی سماعت کے موقع پر وکیل کی طرف سے ملزموں کی رہائی سے متعلق اٹھائے گئے نقاط پر رائے محفوظ کرتے ہوئے معاملہ کی سماعت آج بدھ تک کیلئے ملتوی کر دی۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت ڈینئل پرل کے والدین کے وکیل عدالت کو بتایا کہ عدالت عظمی نے سندھ حکومت کی استدعا پر 28 ستمبر 2020 کو ایک عبوری حکم جاری کیا تھا جس میں زیر حراست چار ملزموں کو 7 اکتوبر تک رہا نہ کرنے کا عبوری کہا گیا، 7 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے ملزمان کو رہا نہ کرنے کے حکم میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی تھی،7 اکتوبر کے بعد سے اب تک ملزموں کو قید میں رکھنے کا کوئی عدالتی حکم موجود نہیں، حکومت سندھ ملزموں کو رہا نہیں کر رہی، سندھ حکومت غلط طور پر یہ موقف اختیار کیے ہوئے ہے کہ سپریم کورٹ نے ملزموں کی رہائی روک رکھی ہے، کے حوالے سے وضاحتی حکم جاری کیا جائے ۔