نیب خیبر پی کے نے فضل الرحمن کے 4 ساتھیوں کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) نیب خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمن کے چار قریبی ساتھیوں کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔ قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے انکوائریاں مکمل ہونے کے بعد نیب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔ چاروں ملزمان محمد ارسلان، محمد فاروق، قیصر عباس اور موسی خان مبینہ طور پر مولانا فضل الرحمن کے قریبی ساتھی ہیں۔ نیب خیبر پختونخوا میں مولانا فضل الرحمان کے مبینہ چار قریبی ساتھیوں کے خلاف انکوائریاں جاری تھیں جن پر آمدن سے زیادہ اثاثہ جات رکھنے، بھرتیوں میں اقربا پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے من پسند افراد اور اپنے رشتہ داروں کو ترجیح دینے اور انہیں بھرتی کرنے سمیت مختلف منصوبوں میں خورد برد کے الزامات ہیں۔ نیب ریفرنس کے مطابق موسی خان نے مختلف منصوبوں میں خورد برد کی جبکہ غیر قانونی طریقے سے اپنے بیٹے اور بھتیجے جو کہ اسکا داماد بھی ہے، کو بھرتی کیا۔