• news

نواز شریف کے خلاف مقدمات ڈھونڈنے کے 2کروڑ 87لاکھ ڈالر دیئے، مریم نواز: جھوٹ نہ بولیں، شہزاد اکبر

لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) مریم نواز نے کہا ہے کہ آج الحمدللہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس کی اصلیت بھی سامنے آ گئی۔ نواز شریف کی صداقت و امانت داری کی گواہی قدرت دے رہی ہے۔ ٹوئٹر پر پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ براڈ شیٹ کمپنی کو نواز شریف کے خلاف مقدمات ڈھونڈنے کیلئے 2 کروڑ 87 لاکھ ڈالر ادا کئے گئے پھر بھی نا اہلی کیلئے اقامے اور سزا کیلئے جج ارشد ملک کا سہارا لینا پڑا۔ نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹنے اور انہیں انتخابی اور سیاسی میدان سے باہر رکھنے کے لئے جو مکروہ کھیل کھیلا گیا اور جو خطرناک سازش رچائی گئی اس کا ایک ایک مہرہ سامنے آ رہا ہے۔ خدائی دعوے کرنے والے بھول جاتے ہیں کہ کائنات کا نظام رب چلاتا ہے۔ سازشیوں کا یوم حساب قریب ہے۔ انشاء اللہ۔ دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مریم نواز جھوٹ نہ بولیں۔ تحقیقات ہو رہی ہے حکومتی وکلاء نے براڈ شیٹ مقدمہ کیسے لڑا۔ مریم نواز کے براڈ شیٹ سے متعلق بیان پر انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ عدالت گیا کہ فلیٹس پاکستان کی ملکیت ہیں۔ ہمارے حق میں ترقی کریں۔ لندن کورٹ نے کہا ہے فلیٹس آج بھی آپ کی  ملکیت  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب منی ٹریل دیں یا قوم کو بتائیں خاندان میں یہ فلیٹس کس کی ملکیت ہیں۔ براڈ شیٹ کی مصالحتی کارروائی آپ کے دور میں ہوئی۔ ہمیں ورثے میں آپ کا گندا ملا۔

ای پیپر-دی نیشن