دنیا کشمیر میں انسانیت کیخلاف بھارتی جرائم پر خاموشی توڑے، شبلی فراز
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کشمیری حریت پسندوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دنیا بھارت کے زیرقبضہکشمیر میں انسانیت کیخلاف بھارتی جرائم پر خاموشی توڑے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹر پر اپنے بیان میںوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ حق خودارادیت انسان کا بنیادی، عالمی اور قانونی حق ہے، یہ انسانی عظمت اور وقار کے تقاضوں کا لازمی جزو ہے، اس کی نفی انسانی آزادی، قدروں اور اصولوں کا انکار ہے، کوئی جبر و ظلم اس جائز اور بنیادی حق کے حصول کی جدوجہد سے ہٹا نہ سکا۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہے ہیں، وزیراعظم بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔