• news

مستقبل سیکرٹری قانون تعینات ، 30نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کریں: سپریم کورٹ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو مستقل سیکرٹری قانون تعینات کرنے اور30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنیکی ہدایت کردی، چیف جسٹس نے کہا کہ احتساب عدالتوں کے قیام کو کیوں لٹکایا جا رہا ہے؟ عدالت نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کرپشن کیس کا فیصلہ رواں ماہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے حکومت سے پیشرفت رپورٹس طلب کرلی۔  عدالت نے مستقل سیکرٹری قانون کی عدم تعیناتی کا نوٹس لے لیا۔عدالت نے وفاقی حکومت کو مستقل سیکرٹری قانون تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون کو ایڈہاک ازم پر نہیں چلایا جا سکتا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خزانہ اور اسٹبلشمنٹ ڈویڑن سے منظوری ہوچکی ہے، گیارہ جنوری سے عملے کی بھرتیاں شروع ہونگی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا احتساب عدالتیں کیا کر رہی ہیں؟ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا لاکھڑا پاور پلانٹ کرپشن کیس میں 29 میں سے 18 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوچکے ہیں، نیب 7 گواہ  کے بیان نہیں کرائے گا، احتساب عدالت میں اب تک 29 سماعتیں ہوئی ہیں، نیب نے صرف ایک التواء  لیا، نیب نے التواء  پراسیکیوٹر کو کرونا ہونے کی وجہ سے لیا

ای پیپر-دی نیشن