• news

اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل‘  عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے: کشمیر سنٹر میں تقریب

لاہور (نیوز رپورٹر) بھارت نے سازش کے تحت کشمیر پر قبضہ کیا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کررکھا ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیروں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنمائوں نے کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام یوم حق خودارادیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے انچارج کشمیر سنٹر لاہور سردار ساجد محمود، مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما غلام عباس میر، رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئر مشتاق محمود،  چیئرمین مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر لاہور ڈویژن عبداللطیف چغتائی، رہنما پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر لاہور فاروق آزاد، صدر جموں وکشمیر وکلاء محاذ راجہ شیر زمان خان، قاری محمد مشتاق، نعیم حفیظ میر، محمدن عیم رانا، فیاض احمد خان اور دیگر نے خطاب مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ نے 5جنوری 1949ء کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قرارداد منظور کی جس پر بھارت کے ہتھکنڈے عمل درآمد میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ پون صدی گزر جانے کے باوجود اس قرارداد پر عمل درآمد نہ ہونا اقوام متحدہ کی غیرجانبداری پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔  ڈیڑھ سال سے کشمیر میں لاک ڈائون ہے۔ ظلم وجبر، خوراک اور ادویات کی کمی سے کشمیریوں کے حوصلے دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے۔  انہوں نے مزید کہا  اگر مسئلہ کشمیر کو جلد حل نہ کیا گیا تو اس سے جنوبی ایشیا کے امن کو سخت خطرہ لاحق ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن