• news

ایف بی آر کا نئی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ یکم مارچ کے بعد جاری کرنے کا اعلان

  لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے  نئی  ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ) اے ٹی ایل( یکم مارچ کے بعد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ سال 2020 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست سے نکال دیئے جائیں گے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری  کئے جانے والے  اعلامیے  میں کہا  گیا ہے کہ ٹیکس سال 2020 کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے وصول ہونے  میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ 8 دسمبر 2020  تک 17 لاکھ 68ہزار ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کئے گئے تھے جن کے ساتھ تقریباً 22 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا تھا۔ 4 جنوری تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 23 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس ضمن میں گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 43.6ارب روپے اکٹھا ہوا ہے۔ پچھلے سال اس عرصہ میں 21 لاکھ 81 ہزار گوشوارے جمع ہوئے اور ادا شدہ انکم ٹیکس  28ارب روپے تھا۔ اس طرح اس سال ادا شدہ انکم ٹیکس میں 55 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ  فوری طور پر اپنے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کریں اور مارچ کے بعد جاری ہونے والی اے ٹی ایل میں شامل ہونے کا فائدہ اٹھائیں۔

ای پیپر-دی نیشن