پی پی ایس سی امتحانات میں بے ضابطگیاں، تحقیقات کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پبلک سروس کمشن کے امتحانات میں بے ضابطیگوں کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں حصہ لینے والوں نے بے ضابطگیوں کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ فاضل عدالت نے درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزاروں کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے نشاندہی کی کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں اور پیپر وقت سے پہلے لیک ہوگئے۔ وکیل کے مطابق داخلہ کی تاریخ ختم ہونے کے باوجود بھی امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ وکیل نے دعویٰ کیا کہ پی پی ایس سی میں وقت سے پہلے پیپر جاری ہونے میں اعلی افسران ملوث ہیں لیکن ان کو بچانے کیلئے ملبہ چھوٹے عملے پر ڈالا جا رہا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ معاملہ کی تحقیقات کے لیے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دی جائے۔