• news

مریم فیس سیونگ کیلئے جیل جانا چاہتی ہیں‘ انہیں پذیرائی  نہیں ملے گی: فردوس عاشق 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، پارکس، سرکاری دفاتر اور بازاروں میں فری وائی فائی کی سہولت بدستور جاری ہے۔ بزدار حکومت  ڈیجیٹل پنجاب  ویژن کے تحت فری وائی فائی منصوبے کو پنجاب بھر تک پھیلانے کیلئے پرعزم ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب وائی فائی منصوبے کی بندش سے متعلق پروپیگنڈا جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام نے آر پار کردیا ہے۔ تاریخ پے تاریخ دینے والوں کا اپنا مستقبل تاریک ہے۔ اپوزیشن استعفے دینے کے معاملے پر ڈر چکی ہے اور جو ڈر گیا وہ مرگیا۔ انہیں علم ہے کہ استعفے دیئے تو خالی نشستوں پر الیکشن ہوں گے۔ شہزادہ اور راجکماری کبھی بھی مولانا کے کہنے پر اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی نہیں ماریں گے۔ پی ڈی ایم کے پاس اب بیچنے کیلئے کوئی منجن باقی نہیں۔ اس ٹولے کی حالت قابل رحم ہے۔ انہوں نے کہاکہ بندگلی میں پھنسی ہوئی اپوزیشن کو اب فیس سیونگ بھی نہیں ملے گی۔ کرونا میں عوام کو تنہا چھوڑنے والے اب خود مارے مارے پھر رہے ہیں۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز اپنی ساکھ بچانے کیلئے چاہتی ہیں کہ انہیں پکڑ کر جلد جیل بھیج دیا جائے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم جلسے میں مولانا فضل الرحمان کو بطور ڈھال استعمال کرکے مدرسے کے طالبعلم لائے گئے، آپ ابھی کیپٹن صفدر کو مولانا فضل الرحمان کے ہاتھ چومتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، انہیں ایک دوسرے کے قدم چومتے ہوئے بھی دیکھیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے لوٹ مار کو عزت کا بیانیہ اپنا لیا۔ پیپلزپارٹی نے ن لیگ کے ساتھ ہاتھ کر دیا۔ ان لوگوں کی آپس میں آنکھیں مل رہی ہیں نا نظریہ۔ مریم بی بی اور شوباز شریف پہلے ایک پیج پر آئیں، بلاول بھٹو لکا چھپی کی وجہ سے ویڈیو لنک پر آ گئے ہیں، اب یہ ایک دوسرے سے آنکھ ملانے کے قابل نہیں رہے۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ آصف زرداری کا استعفے نہ دینے کا اعلان پی ڈی ایم پر خنجر بن کرچلا، مریم بی بی تاریخیں دیتی رہیں گی،  پی ڈی ایم نے آصف زرداری کے ہاتھ پر بیعت کی، لیکن آصف زرداری نے ہاتھ جھٹک لیا، جلد ہی مولانا بھی جھٹک لیں گے۔دریں اثناء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیر تونائی اختر ملک کے ہمراہ محکمہ توانائی میں سو مگا واٹ سولر پاور پلانٹ لینڈ لیز معاہدہ کی ترقیب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ  جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے لیہ میں 57 ملین ڈالر کی لاگت سے 100 میگا واٹ کے ماحول دوست سولر پاور منصوبے سے 20 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوگی۔ حکومت نے 3.7 امریکی سینٹ فی کلو واٹ کے سستے ترین ٹیرف پر معاہدہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن