• news

وقت حکومتیں گرانے بنانے کا نہیں‘ قومی ایشوز پر فوکس کرنے کا ہے: پرویز الٰہی 

لاہور (نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات باؤ رضوان نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنی وزارت سے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے محکمے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ یہ وقت حکومت گرانے یا بنانے کا نہیں عوامی و قومی ایشوز پر فوکس کرنے کا ہے۔  جمہوریت اور پارلیمنٹ کی گاڑی کو چلتے رہنا چاہئے۔ سیاسی قوتوں کے وقار میں اضافہ اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے عوامی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرکے ان کے مسائل حل کرنا ہی ہماری سیاست کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا عوامی خدمت کیلئے کام کیا۔ آج بھی عوامی خدمت میں ہماری جماعت پیش پیش ہے۔ صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات باؤ رضوان نے محکمے کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک نے تاریخ میں پہلی بار ہماری کارکردگی سے متاثر ہوکر منصوبوں کیلئے ایڈوانس فنڈز جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے ساتھ ہمارے جتنے بھی معاہدے ہوئے ہیں ان پر عملدرآمد پھر شروع کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن