• news

کاہنہ : اغوا کے بعد قتل ہونیوالی 2بہنوں کی شناخت ہوگئی

 لاہور (نمائند ہ خصوصی+ نامہ نگار)کاہنہ کے علاقہ سے چند روز قبل گندے نالے سے ملنے والی خواتین کی لاشوں کی شناخت ہو گئی۔ دونوں مقتولین سگی بہنیں تھیں جو 26نومبر کو کاہنہ سے اغوا ہوئی تھیں۔ جن کی ہاتھ پائوں بندھی لاشیں 12 دسمبر اور 4 جنوری کو  کاہنہ نہر سے ملی تھیں۔ دونوں خواتین کو گلہ کاٹ کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق کاہنہ کے علاقے میں چند روز قبل ملنے والی خواتین کی دونوں لاشوں کی شناخت کر لی گئی۔ مقتولہ خواتین کی شناخت عابدہ اور ساجدہ کے نام سے ہوئی۔ 26 سالہ عابدہ اور مشتاق مسیح کی بیوی  28 سالہ ساجدہ 26 نومبر کو بازار گئی تھیں اور واپس گھر نہ پہنچیں۔ جس پر ورثا نے تھانہ کاہنہ میں ان کے اغوا کا مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔ پولیس کو کاہنہ کے علاقے سے 12دسمبر کو عابدہ اور 4 جنوری کو ساجدہ کی لاش  نہر سے ملی  تھی۔ دونوں کو ہاتھ پائوں باندھ کر گلے کاٹے گئے تھے جنہیں گزشتہ روز ورثا نے شناخت کر لیا۔ لواحقین نے عابدہ اور ساجدہ کے ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ان کی دونوں بیٹیوں کو نا حق قتل کیا گیا۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کرتے ہیں ہمیں انصاف دیا جائے۔ دوسری جانب  وزیراعلیٰ عمثان بزدار نے دونوں بہنوں کے اغوا کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر کے ملزمان کو جلد  گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ دریں اثناء  پولیس نے مقتولہ بہنوں کے ساتھ میڈیسن کمپنی میں کام کرنیوالے دو نامزد ملزموں ممتاز اور نعیم کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں بہنیں شادی شدہ اور پانچ بچوں کی مائیں تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن