ہزارہ برادری میتوں کی تدفین کر دے‘ مریم‘ آج کوئٹہ جائینگی‘ بلاول بھی پہنچیں گے
اسلام آباد، لاہور (وقائع نگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ہزارہ برادری کے دھرنے میں شرکت کیلئے آج کوئٹہ جانے کا اعلان کر دیا۔ مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 4 دن اور راتوں سے شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے۔ مریم نواز نے اعلان کیا کہ نواز شریف کی ہدایت پر آج یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔ دکھی مائوں‘ بہنوں کیلئے اپنے پیاروں کا قتل معمولی سانحہ نہیں۔ پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے والد نوازشریف بھی واقعے پر بہت دکھی ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ بے حس اور پتھردل انسان کا انتظار نہ کریں۔ وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ ارکان آج ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ جائیں گے۔ جے یو آئی (ف) کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں کوئٹہ جائے گا۔ وفد ہزارہ برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں کا وفد بھی مریم نواز کے ہمراہ ہو گا۔ وفد میں احسن اقبال، پرویز رشید، خرم دستگیر، کیپٹن (ر) صفدر، محمد زبیر اور مریم اورنگزیب شامل ہوں گے۔